Google+ ”ایل جی ون اسکول ون لائبریری“ اتوار سے جیو سے پیش کیا جائیگا ~ Asiatic PR ایشیاٹک پبلک ریلیشنز

Wednesday, November 07, 2012

کراچی(جنگ نیوز) جیو ٹی وی نیٹ ورک کے صدر عمران اسلم نے کہا ہے کہ ”ایل جی ون اسکول ون لائبریری“ کے اثرات ہماری نسلوں پر مرتب ہوں گے،تعلیم جیو کی بنیادوں میں شامل ہے۔ کافی عرصہ قبل میر خلیل الرحمٰن نے جنگ جیسے اخبار کی بنیاد رکھ کر قوم کو مطالعے کی عادت ڈالی“ان خیالات کااظہار انہوں نے جیو ٹی وی سے اتوار11نومبر سے شروع ہونے والے کوئز شو ”ایل جی ون اسکول ون لائبریری“ کے حوالے سے کراچی کے مقامی ہوٹل میں منعقد ہونے والی ایک پریس کانفرنس میں کیا۔اس پریس کانفرنس میں ایل جی گلف کے مارکیٹنگ ڈائریکٹر Michael Ha،ایل جی کے سینئر منیجر کارپوریٹ مارکیٹنگ گلف منصور الحسن ،دی برینڈ پارٹنرشپ کے سی ای او نعمان نبی،CQEکی ممبر صادقہ صلاح الدین،ڈائریکٹر ٹیچرز ڈیولپمنٹ سینٹر عباس حسین کے علاوہ ذرائع ابلاغ کے نمائندے بڑی تعداد میں شریک ہوئے۔ تقریب کا آغازمعروف اینکر سویرا پاشا نے کیا اور کوئز شو کا تعارف کرایا۔اس موقع پرکوئز شو کی شوریل بھی دکھائی گئی۔ جیو ٹی وی کے صدر عمران اسلم نے کہا کہ انسانیت کے لئے سب سے بڑی نعمت صاحبِ علم ہونا ہے، یہ علم ہی ہے جو صبر وبرداشت اور سوال پیدا کرنے کی عادت پیدا کرتی ہے۔ میں تین برس قبل ڈھاکہ کی اس لائبریری میں گیا جہاں کبھی میں نے اپنے لئے کتابیں ایشو کرائی تھیں، مجھے یہ جان کر بہت خوشی ہوئی کہ میری ایشو کرائی گئی کتب آج بھی وہاں موجود تھیں۔ میں وہاں جاکر حسین یادوں میں کھو گیا۔عمران اسلم نے کہا کہ میں آپ سب سے یہی کہوں گا کہ پڑھیں ضرور،یہ آپ کی زندگی تبدیل کردے گا جس طرح میری تبدیل کی ہے۔بطور مسلمان ہمیں سب سے پہلے ”اقراء“یعنی پڑھنے کا حکم دیا گیا ہے۔ہم نے ”ایل جی ون اسکول ون لائبریری“ کی اس مہم کے پہلے مرحلے میں ”پہلا فقرہ اقرا“ اٹھایا، اس کے دوسرے مرحلے میں ہم یہ بتائیں گے کہ تعلیمی میدان میں سرمایہ کاری کتنی ضروری ہے، تیسرے مرحلے میں زمینی حقائق پر بات ہوگی کہ کس طرح گھوسٹ اساتذہ، انفرااسٹرکچر کی کمی اور فنڈز نہ ہونے سے تعلیم تباہ ہورہی ہے۔ پہلے کے ڈراموں کے اکثر مناظر میں کتابیں دکھائی دیتی تھیں جو کہ اب بالکل غائب ہو چکی ہیں، آخری مرحلے میں حکومت کی توجہ اس جانب مبذول کرائی جائے گی۔ ”ایل جی ون اسکول ون لائبریری“ کے سلسلے میں ایل جی اور مختلف ماہرین ہمارے ساتھ ہیں جس کے لئے ہم ان کے شکرگزار ہیں۔ یہ کمرشل پراجیکٹ نہیں ہے، اس پراجیکٹ کے اثرات ہماری نسلوں پر مرتب ہوں گے۔ ”پڑھنے لکھنے کے سوا، پاکستان کا مطلب کیا، پڑھو اور آگے بڑھو، بچے اس جانب آ گئے تو لائف از گوڈ“۔ایل جی گلف کے مارکیٹنگ ڈائریکٹر مائیکل ہا نے کہا کہ میں ”ایل جی ون اسکول ون لائبریری“ کی لانچنگ تقریب کے موقع پر بہت خوشی محسوس کررہا ہوں،تعلیم کے ذریعے زندگی بہتر بنا کر مستقبل کو محفوظ بنایا جاسکتا ہے اور اس پروگرام کے ذریعے ہم پاکستان کے لئے یہی کرنا چاہتے ہیں۔ کوریا اور پاکستان کئی لحاظ سے مشترکہ پس منظر رکھتے ہیں اس لئے ہماری خواہش ہے کہ جس طرح کوریا نے ترقی کی پاکستان بھی ترقی کرے۔ اس پراجیکٹ میں پاکستان کا لیڈنگ چینل جیو ہمارے ساتھ ہے جس پر ہمیں بہت خوشی ہے۔ جیو”ذرا سوچئے“ جیسے پراجیکٹ کے ذریعے پہلے ہی تعلیم کے لئے کام کررہا ہے، اس لئے ہم نے جیو کا ساتھ دیا۔ ایل جی کے سینئر منیجر کارپوریٹ مارکیٹنگ گلف منصور الحسن نے کہا کہ اکثر ایسا ہوتا ہے کہ تعلیم کے لئے کچھ رقم دے دی جاتی ہے لیکن ہم نے سوچا کہ کچھ رقم دینے کے بجائے مستقبل کے معماروں کو مضبوط بنایا جائے اور ان کے لئے ایسا پراجیکٹ شروع کیا جائے جو مسلسل جاری رہے۔ انہوں نے کہا کہ کچھ عرصہ قبل تک پاکستان اور کوریا کے حالات ایک جیسے تھے لیکن حب الوطنی اور تعلیم نے کوریا کو ترقی دلائی ،ہم پاکستان کو بھی اس طرح آگے لے جانا چاہتے ہیں۔ ہمیں اس پراجیکٹ کے حوالے سے امیدوں سے بڑھ کر حوصلہ افزاء نتائج ملے ہیں۔ ہمیں مختلف شہروں، قصبوں اور دیہات سے رسپانس ملا، ہم لڑکے اور لڑکیوں کو یکساں مواقع دے رہے ہیں لیکن لڑکیاں اچھا پرفارم کررہی ہیں۔ ہم چاہتے ہیں کہ چند طلبا آگے نہ آئیں بلکہ یہ تعداد ہزاروں میں ہو، اس لئے ہم اس پراجیکٹ کو آئندہ بھی کرنا چاہیں گے۔ دی برینڈ پارٹنرشپ کے سی ای او نعمان نبی نے کہا کہ یہ کوئز شو ہمارے نوجوانوں کے لئے بہت اہم ہے۔ اس شو کے پرومو میں میں نے بچوں کے چمکتے دمکتے چہرے دیکھ کر بہت خوشی محسوس کی۔ افسوس کہ ہمارے نوجوانوں کے لئے آئی کون بالی ووڈ کے خان رہ گئے ہیں۔ تعلیم کے بغیر ہم ایک منفی سوچوں کے حامل معاشرے میں رہیں گے، کوریا کی طرح ترقی کرنے کے لئے تعلیم کو اپنانا ہوگا۔ CQEکی ممبر صادقہ صلاح الدین نے کہا کہ ہمارا ادارہ ملک میں تعلیم کے پست معیارِ تعلیم کے حوالے سے تحقیق کرتا ہے، اصل مسئلہ یہ ہے کہ تجربے، تحقیق اور پالیسی میں ربط نہیں ہے، ہمارے ادارے کی کوشش ہے کہ اس لاتعلقی کو ختم کیا جاسکے۔جیو کے ذریعے ہمارا پیغام کروڑوں لوگوں تک پہنچ سکے گا۔ اس کوئز شو کے ذریعے ہمارے بچوں میں مطالعے کی عادت پیدا ہو گی ۔ ڈائریکٹر ٹیچرز ڈیولپمنٹ سینٹر عباس حسین نے کہا کہ بڑا تکلیف دہ سوال یہ ہے کہ ہمارے ملک میں کتابیں کہاں ہیں، 51مسلم ممالک مل کر بھی ایک سال میں اتنی کتابیں نہیں چھاپتے جتنی اسپین ایک سال میں شائع کرتا ہے۔کاغذ کی کتابی شکل سے زیادہ اچھی چیز کائنات میں کوئی نہیں،اس پروگرام کے ذریعے ہم اپنی نئی نسل تک پہنچ سکیں گے جو کہ انتہائی خوش آئند بات ہے۔” ایل جی ون اسکول ون لائبریری“ اتوار11نومبر کی شام 06بجے سے جیو ٹی وی سے پیش کیا جائے گا۔ اس شو کی میزبانی خالد ملک کریں گے۔

0 comments:

Post a Comment

  • RSS
  • Delicious
  • Digg
  • Facebook
  • Twitter
  • Linkedin
  • Youtube